بیجنگ(این این آئی)روس نے کہاہے کہ امریکا کا جنگ زدہ ملک شام سے فوجی انخلاء کا کوئی ارادہ نہیں۔ امریکا کہتا تو ہے کہ وہ شام سے اپنے دستے واپس بلانے کا منصوبہ رکھتا ہے تاہم امریکہ ایسا کرنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتا۔میڈیارپورٹس کے مطابق وزیر خارجہ سیرگئی لاوروف نے کہا کہ امریکی حکومت ایسے زبانی بیانات تو دے چکی ہے کہ وہ شام سے امریکی فوجیوں کو واپس بلانے کے منصوبے رکھتی ہے۔تاہم عملی طور پر ایسے امکانات
نظر ہی نہیں آتے کہ امریکا مشرق وسطیٰ کی اس کئی سالہ جنگ سے تباہ حال ریاست سے اپنے دستے واپس بلا لے گا۔لاوروف نے چینی دارالحکومت بیجنگ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے فرانسیسی ہم منصب سے ملاقات کرنے والے ہیں، اور انہیں امید ہے کہ اس ملاقات کے بعد اس حوالے سے صورت حال کچھ واضح ہو سکے گی کہ شامی تنازعے کے حل کے لیے ٹھوس بنیادوں پر تعاون کس طرح کیا جا سکتا ہے۔