واشنگٹن(این این آئی)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ انسانوں کو خدا نے حقوق عطا کیے ہیں اور یہ کہ رہن سہن اور آزادی امریکیوں کے لیے مرکزی حیثیت کا حامل ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اْنھوں نے یہ بات واشنگٹن میں منعقدہ سالانہ نیشنل پریئر بریک فاسٹ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اْنھوں نے کہا کہ ہمیں یہ حقوق کسی انسان نے نہیں دیے، یہ حقوق ہمیں اپنے خالق نے تفویض کیے ہیں۔
کچھ بھی ہو، کوئی زمینی طاقت ہمارے یہ حقوق صلب نہیں کر سکتی۔ٹرمپ نے کہا کہ عقیدہ ہی وہ طاقت ہے جس کے بل بوتے پر گذشتہ برس داعش کے شدت پسند گروپ کے خلاف لڑائی لڑی گئی، جن انتھک کوششوں کا مقصد انصاف اور امن کا حصول تھا۔بقول اْن کے کئی برسوں تک داعش مسیحیوں، یہودیوں، مذہبی اقلیتوں اور بے شمار مسلمانوں کے قتل اور ظالمانہ بربریت کے ہتھکنڈوں میں ملوث رہا ہے۔گذشتہ برس داعش کو شکست دینے پر ٹرمپ نے اتحادی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ داعش سے تقریباً 100 فی صد علاقہ واگزار کرالیا ہے، جس پر حالیہ دِنوں تک عراق اور شام بھر میں اِن قاتلوں کا قبضہ رہا ہے۔بریک فاسٹ کی تقریب مذہبی فرقہ واریت سے بالاتر ہوتی ہے، جس کا انعقاد دِی فیلوشپ فاؤنڈیشن کرتا ہے، جس میں ٹرمپ لگاتار دوسرے سال بھی شریک ہوئے۔ فاؤنڈیشن امریکہ میں قائم ایک مذہبی گروپ ہے، جو عیسیٰ (علیہ السلام) کی تعلیمات کو فروغ دیتا ہے۔ڈوائٹ آئزن ہاور کے دور(1953ء سے 1961ء ) سے اب تک ہر صدر جس نے وائٹ ہاؤس میں اپنے فرائض انجام دیے، بریک فاسٹ میں شریک ہوتا رہا ہے، جس میں تاریخی طور پر ’اوینجلیکلز‘ شوق سے شرکت کرتے ہیں، جب کہ دنیا بھر سے ہزاروں افراد شرکت کرتے ہیں۔اوینجلیکلز‘ مسیحی ٹرمپ کی دل سے حمایت کرتے ہیں، جنھوں نے سال 2016ء کے صدارتی انتخاب میں اْنھیں فتح سے ہمکنار کیا۔