تہران(این ان آئی) ایرانی دارالحکومت تہران میں ایک بزرگ شخصیت کے مزار کی تزئین وآرائش پر90لاکھ ڈالر خرچ کردیئے گئے،میڈیارپورٹس کے مطابق تہران میں وَنک کے مقام پر واقع مزار میں سوانا باتھ کے لئے پرتعیش حمام اور سوئمنگ پول بنایا گیا ہے جس کی تیاری پر 90لاکھ ڈالر کی رقم خرچ کی گئی ہے۔ایرانی اصلاح پسند صدر حسن روحانی کے ایک قریبی رکن پارلیمنٹ قاسم میرزائی نے ایک بیا ن میں کہاکہ اعلانیہ بجٹ سے ماورا
دینی اداروں کے ذریعے مساجد، مذہبی مراکز، مزارات اور دیگر مذہبی اور ثقافتی سرگرمیوں پر رقم خرچ کرنا ایک سربستہ راز ہے۔ یہ رقوم کہاں سے آتی ہیں اور انہیں کس کے کہنے پر مزاروں کی تزئین وآرائش پر خرچ کیا جاتا ہے جب کہ ایران میں بسنے والے لاکھوں زندہ لوگوں کو دو وقت کا کھانا بھی مسیر نہیں۔ قاسم میرزائی نے اپنے بیان میں تہران کے موجودہ میئر محمد علی نجفی کی تیار کردہ رپورٹ کا بھی حوالہ دیا ۔ اس رپورٹ میں بلدیہ کی جانب سے ماضی میں خرچ کردہ بجٹ کی تفصیلات جاری کی گئی ہیں۔