نئی دہلی (این این آئی) بھارتی دارالحکومت نئی دہلی اور شدید فضائی آلودگی سے متاثر دیگر شہروں میں شیر خوار بچوں کی ذہنی نشو و نما پر سخت منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ یہ انکشاف بچوں کے لئے اقوام متحدہ کے ادارے نے اپنی تازہ ترین رپورٹ میں کیا ہے۔
یونیسیف ایشیا کی طرف سے جاری رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں ایک کروڑ 70 لاکھ شیر خوار بچوں میں سے ایک کروڑ 60 لاکھ بچے ایسے ماحول میں رہ رہے ہیں جہاں آلودگی کی سطح محفوظ سطح سے کم از کم6 گنا زیادہ ہے اور بھارت اس حوالے سے سرفہرست ہے۔آلودگی سے متاثرہ بچوں میں سے ایک کروڑ 22لاکھ کا تعلق جنوبی ایشیائی ممالک سے ہے جن کی بڑی تعداد دمہ اور سانس کے دیگر امراض میں مبتلا ہو رہی ہے۔یونیسیف کی
رپورٹ کے مطابق آلودگی شیر خوار بچوں کی زندگیوں اور ان کے مستقبل پر منفی اثرات مرتب کر رہی ہے لیکن اس کا سب سے زیادہ نقصان ان کی ذہنی نشو و نما کو پہنچ رہا ہے۔یہ نقصان وربل اور نان وربل آئی کیو، یادداشت میں کمی، امتحانات میں کم نمبروں اور دیگر منفی رویوں کی صورت میں ظاہر ہو رہی ہے-