واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکا کے محکمہ دفاع کے ہیڈ کوارٹرز پینٹاگون نے کہا ہے کہ کینیڈین، امریکی خاندان کو بازیاب کروانے پر امریکا پاکستانی فوج کا شکر گزار ہے۔تفصیلات کے مطابق واشنگٹن میں پریس کانفرنس میں پینٹاگون کی چیف ترجمان ڈینا وائٹ نے کہا کہ امریکی خاندان کو بازیاب کروانے پر پاکستانی فوج کے شکر گزار ہیں۔ امریکی صدر ٹرمپ نے بھی کارروائی پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا ہے۔ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ غیر ملکی خاندان کی بازیابی پاکستان کا مثبت قدم ہے۔ پاکستانی افواج کی کارروائی کو مثبت انداز
میں دیکھ رہے ہیں۔ترجمان نے کہا کہ حقانی نیٹ ورک نے اب بھی کئی امریکیوں کو یرغمال بنا رکھا ہے۔ دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں میں پاکستان سے قریبی تعاون کے مواقع موجود ہیں۔یاد رہے کہ پاک فوج نے گزشتہ دنوں کرم ایجنسی میں کامیاب آپریشن کر کے دہشت گردوں کی جانب سے اغوا کیے گئے کینیڈین شہری، اس کی امریکی اہلیہ اور 3 بچوں کو بازیاب کروایا تھا۔مذکورہ خاندان کی رہائی پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن نے بھی حکومت پاکستان اور پاک فوج کا شکریہ ادا کیا تھا۔