واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک)مشرق وسطیٰ کے لیے امریکا کے کمانڈر جنرل جوزف وٹیل نے کہا ہے کہ افغانستان میں 16 برسوں پر محیط جنگ کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے امریکی فوجی افغان اہلکاروں کو آئندہ برس طالبان کے ساتھ جنگ کے لیے تیار کررہی ہے ٗافغانستان میں مزید اقدامات کی بہت گنجائش ہے تاہم افغان جنگ میں کچھ مثبت رحجانات دیکھ رہے ہیں۔غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق کمانڈر جوزف وٹیل کا
موجودہ جنگی صورتحال پر کہنا تھا کہ پرانے افغان کمانڈز کی جگہ نوجوان تیزی سے لے رہے ہیں جس کے نتیجے میں زیادہ منظم اور بھرپور انداز میں کارروائیاں کی جارہی ہیں۔امریکی سینٹرل کمانڈ ہیڈکواٹر میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میرا خیال ہے کہ ہم افغانستان میں طویل جنگ کو ختم کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں اور اسی مقصد کے لیے یہ تمام اقدامات کیے جارہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں ملنے والی حالیہ کامیابیوں کا مقصد ہرگز جیت‘ تصور نہ کی جائے لیکن اس ضمن میں کچھ اہم فیصلے کیے جا چکے ہیں جس کے نتیجے میں جنگ ختم ہو جائے گی۔