اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)افریقی ملک نائیجریا میں ہزاروں اساتذہ کو پرچے میں فیل ہونے پر نوکریوں سے فارغ کر دیا گیا ہے۔پرائمری جماعت کو پڑھانے والے یہ ٹیچرز چھ سال کے بچوں کے تیار کردہ امتحانی پرچے میں پاس نہیں ہو سکے۔شمالی ریاست کے گورنر ناصر الروفی نے کہا کہ 21 ہزار 780 اساتذہ میں سے دو تہائی اپنے ہی زیر تعلیم بچوں کے امتحانی پرچے میں 75 فیصد نمبر حاصل کرنے میں ناکام رہے۔
انھوں نے بتایا کہ نوکری سے برخاست کیے گئے اساتذہ کی جگہ 25 ہزار نئی بھرتیاں کی جائیں گی۔ریاست کے گورنر نے یہ بیان عالمی بینک کے نمائندوں سے ملاقات کے دوران دیا۔نائیجریا کے روزنامے سے بات چیت میں انھوں نے کہا کہ ‘ماضی میں سیاسی بنیادوں پر ٹیچرز کی بھرتیاں کی گئیں اور ہم انھیں نوجوان تعلیم یافتہ افراد کو ملازمت دینے سے بدلنا چاہتے ہیں۔ تاکہ ریاستی تعلیمی اداروں میں پرائمری سکول ٹیچر کی عزت بحال ہو سکے۔’گورنر ناصر نے کہا کہ ریاست بھر میں استاد اور طالب علم کے تناسب کے مسئلے کو بھی حل کرنے کی ضرورت ہے۔انھوں نے کہا کہ بعض علاقوں میں نو بچوں کو پڑھانے کے لیے ایک ٹیچر ہے اور بعض علاقوں میں سو بچوں کو پڑھانے کے لیے ایک ٹیچر ہے۔