بیجنگ (این این آئی)چینی میڈیا نے اپنی رپورٹ میں کہاہے کہ دریائے جہلم پر زیر تعمیر کروٹ ہائیڈرو پاور پروجیکٹ پر تیزی سے کام جاری ہے اور اس منصوبے کو مقررہ مدت دسمبر 2021 ء سے نو ماہ قبل مکمل کرلیا جائے گا۔ چین کے معروف اخبار گلوبل ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق کروٹ پن بجلی منصوبے کی پیداواری صلاحیت 720 میگا واٹ ہے ٗسستی بجلی کے باعث یہ منصوبہ نہ صرف پاکستان میں بجلی کے بحران پر قابو
پانے میں مدد دے گا بلکہ اس سے صنعتی ترقی کی رفتار بھی تیز ہوگی یہی وجہ ہے کہ مقامی آبادی اور سرکاری اداروں کے حکام نے اس منصوبہ پر کام کرنے والے چینی ماہرین سے بھرپور تعاون کیا اور منصوبہ کے مقام کے قریب رہائش پذیر افراد نے خوشی سے اپنی زمینیں اور مکانات اس منصوبے کی تکمیل کیلئے فروخت کردیئے۔ مقامی آبادی اور حکام کے اس تعاون کی وجہ سے ہی یہ اہم منصوبہ مقررہ مدت سے نو ماہ
پہلے مکمل ہونے کے امکانات پیدا ہوئے ہیں۔ اس منصوبے کی اہمیت کے پیش نظر اسے سی پیک کا حصہ بنایا گیا ہے اور تیزی سے تکمیل کے باعث سے سی پیک کے فلیگ شپ منصوبے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔