واشنگٹن (این این آئی)امریکی وزیرخارجہ ریکس ٹیلرسن نے خبردار کیا ہے کہ اگر پاکستان دہشت گردوں کو محفوظ ٹھکانے فراہم کرتا رہا تو وہ نان نیٹو اتحادی کی حیثیت کھو دیگا۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے افغانستان اور جنوبی ایشیا سے متعلق نئی پالیسی پر میڈیا کے نمائندوں کو بریفنگ دیتے ہوئے ریکس ٹیلرسن نے کہاکہ پاکستان دہشت گردوں کو محفوظ ٹھکانے فراہم کر رہا ہے جس کی وجہ سے پاکستان پر بھروسہ کم ہوتا جارہا ہے۔
امریکی وزیرخارجہ نے الزام لگایا کہ پاکستان دہشت گرد تنظیموں کو محفوظ ٹھکانے فراہم کر رہا ہے جہاں سے امریکی فوجیوں پر حملے اور افغانستان میں امن کی کوششوں کو سبوتاڑ کرنے کی منصوبہ بندی کی جا تی ہے۔ریکس ٹیلرسن نے کہاکہ ٹرمپ انتظامیہ نے دہشت گردوں کو محفوظ ٹھکانے فراہم کرنے والوں کو نوٹس پر رکھ لیا ہے اور صدر ٹرمپ کا موقف واضح ہے کہ جہاں دہشت گرد ہونگے تو امریکہ انہیں نشانہ بنائے گا