اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) حج کے موقع پر اسرائیل کیخلاف کیا کرنا ہے؟ ایران نے حجاج کرام کو ہدایات جاری کر دیں، تفصیلات کے مطابق ایران کے علی خامنہ ای نے اس سال حج کو ایک مرتبہ پھر سیاست میں ملوث کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔ میڈیا ذرائع کے مطابق مرشد اعلیٰ کی ویب سائٹ پر بتایا گیا کہ خامنہ ای نے حج کے امور سے متعلق متعدد ایرانی ذمہ داروں کا استقبال کرتے ہوئے ان سے کہا کہ حج ایک بڑا سماجی موقع ہوتا ہے جس میں امت مسلمہ
کے عقیدے کا اظہار کیا جاتا ہے۔ خامنہ ای نے کہا کہ امت مسلمہ کے لیے حج سے بہتر موقع اور کوئی نہیں ہو سکتا کہ وہ مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی کے خلاف اپنا احتجاج ظاہر کرے اور خطے میں امریکہ کی بے جا مداخلت کے حوالے سے اپنا موقف ظاہر کرنے کی یہ سب سے بہتر جگہ ہے۔ خامنہ ای نے کہا کہ حج ان سب چیزوں کے لیے بہتر مقام ہے، اس کے علاوہ انہوں نے ایرانی انقلاب کے بانی خمینی کی وصیت پر عمل درآمد کا بھی مطالبہ کیا ہے۔