بیجنگ (آئی این پی ) چین نے ایک ایسی تصویر پیش کی ہے جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ بھارتی سرحدی دستے سرحد عبور کر کے غیر قانونی طورپر سکم سیکشن میں گھس آئے ہیں،یہ تصویر دکھاتے ہوئے چین کی وزارت خارجہ کی ترجمان لوکانگ نے کہا کہ سچ تھوڑی دیر کیلئے چھپایا جا سکتا ہے لیکن اسے ہمیشہ کیلئے چھپایا نہیں جا سکتا ، تصویر سے واضح طورپر ظاہر ہورہا ہے کہ بھارتی فوجیوں نے گاڑیوں سمیت سرحد عبور کی جو کہ چین اور بھارت کے درمیان واضح ہو چکی ہے،
بھارتی فوجی اور گاڑیاں یہ سرحد عبور کرتے ہوئے چینی علاقے میں داخل ہوئیں ، یہ تصویر وزارت خارجہ کی ویب سائٹ پر بھی جاری کر دی گئی ہے جب سے بھارتی دستے چینی علاقے میں گھسے ہیں ، چینی حکومت نے بھارت کے سامنے بیجنگ اور دہلی میں بار بار اس مسئلے کو اٹھایا ہے ، دونوں ملکوں کے درمیان اس مسئلے پر رابطہ موجود ہے اور چین نے بھارت پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے فوجی دستے چینی علاقے سے فوراً بھارتی علاقے میں واپس بلالے کیونکہ مسئلے کے حل کیلئے دونوں ملکوں کے درمیان بامقصد مذاکرات سے قبل یہ ضروری ہے کہ بھارت اپنی فوجی دستے چینی علاقے سے واپس بلالے ۔