ریاض(مانیٹرنگ ڈیسک) غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی حکومت نے سگریٹ سمیت دیگر مضر صحت اشیاء کے استعمال کی حوصلہ شکنی کرنے کے لیے ایک نئے ٹیکس کا اضافہ کرتے ہوئے سگریٹ اور مشروبات پر ’گناہ ٹیکس‘ عائد کر دیا ہے جس کے بعد سگریٹ کی قیمت دوگنی ہو گئی۔ یہ ٹیکس اس پروگرام کا حصہ ہے جس کے تحت نہ صرف سعودی عرب بلکہ دیگر خلیجی ریاستوں میں بھی مذکورہ ٹیکس نافذ کیا جائے گا جس کا مقصد مضر صحت اشیاء پر ٹیکس لگانا ہے۔
اس ٹیکس کی مدد سے تیل کی گرتی ہوئی قیمتوں کی وجہ سے پیدا ہونے والے مالیاتی نقصان کو پورا کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ سعودی عرب کے میڈیا کے مطابق اس ٹیکس کے عائد ہونے کے بعد سے تاجروں نے ان اشیاء کی ذخیرہ اندوزی شروع کر دی ہے تاکہ قیمتیں بڑھنے کے بعد زیادہ سے زیادہ منافع حاصل کر سکیں۔ اس کے علاوہ عرب ریاستوں کی تنظیم خلیج تعاون کونسل کے رکن ملکوں میں 2018 سے چند مصنوعات پر پانچ فیصد اضافی ٹیکس لگایا جائے گا۔برطانوی نشریاتی ادارے کو سعودی حکومت کی جنرل اتھارٹی آف زکوۃ اینڈ ٹیکس کے ترجمان مہند ال مادی نے بتایا کہ ان کے دفتر نے اس ٹیکس کے بارے میں کاروباری سیکٹر کو معلومات فراہم کر دی ہیں اور اس کے ساتھ وہ اس حوالے سے ورکشاپ بھی منعقد کریں گے۔