ریاض(این این آئی)سعودی عرب کے شعبہ دعوت ارشاد کی مساعی کے نتیجے میں گذشتہ چھ ماہ کے دوران 13 ملکوں کے 828 مردو خواتین نے اسلام قبول کیا۔عرب ٹی وی کے مطابق شعبہ دعوت و ارشاد کے ڈائریکٹر الشیخ عبدالحکیم الجاسر نے بتایا کہ ایک ہزار کے قریب غیرمسلمانوں کا مشرف بہ اسلام ہونا دعوت و ارشاد کی مساعی جمیلہ کا ثمر ہے۔
انہوں نے بتایا کہ دعوت و ارشاد کی جانب سے گذشتہ چھ ماہ کے دوران ’خیرو فلاح کی بشارت‘ کے عنوان سے 24 دعوتی کانفرنسیں منعقد کی جن میں 1730 غیرمسلم شہریوں نے شرکت کی۔ ان میں سے 106 مردوں نے اسلام قبول کیا۔سعودی عرب میں غیرمسلم شہریوں کی رہائش گاہوں پر 122 دورے کیے گئے اور ان میں اسلامی لٹریچر تقسیم کیا۔ اس لٹریچر اور دعوتی مہمات سے 1614 غیرمسلموں نے استفادہ کیا اور 239 مشرف بہ اسلام ہوئے۔ علاوہ ازیں 565 دعوتی و تبلیغی لیکچرز کا اہتمام کیا گیا جن سے 69 ہزار 373 مردو خواتین نے استفادہ کیا۔مملکت کے شعبہ دعوت و ارشاد کی جانب سے پانچ عمرہ اجتماعی سفر کا اہتمام کرایا گیا جس کے نتیجے میں 249 مسلمانوں نے عمر کی سعادت حاصل۔ ان میں 53054 دعوتی کب،قرآن پاک کے تراجم اور اسلامی تعلیمات پر مبنی سی ڈیز تقسیم کی گئیں۔