واشنگٹن (آئی این پی )امریکہ کے ایک معروف تحقیقی ادارے نے پیش گوئی کی ہے کہ 2060 تک دنیا میں مسلمانوں کی تعداد مسیحیوں کے برابر ہوجائے گی۔’’پیو ریسرچ سروے‘‘ کی جانب سے جاری کی جانے والی رپورٹ کے مطابق مسلمانوں میں شرحِ پیدائش دیگر مذاہب کے ماننے والوں سے کہیں زیادہ ہے جس کی وجہ سے ان کی آبادی میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔رپورٹ میں پیش گوئی کی گئی ہے کہ اگر آبادی میں اضافے کی موجودہ شرح برقرار رہی تو
2060 میں دنیا میں مسلمانوں کی تعداد تین ارب تک جا پہنچے گی جو کل آبادی کا 31 فی صد ہوں گے۔رپورٹ کے مطابق 2060 میں دنیا میں مسیحیوں کی تعداد تین ارب 10 کروڑ کے لگ بھگ ہوگی اور کل آبادی میں ان کا تناسب 32 فی صد ہوگا۔دوسال قبل ‘پیو ریسرچ سینٹر نے اپنی ایک تحقیق میں بتایا تھا کہ اسلام دنیا میں سب سے تیزی سے پھیلنے والا مذہب ہے اور امکان ہے کہ رواں صدی کے اختتام تک دنیا میں مسلمانوں کی تعداد مسیحیوں سے بڑھ جائے گی۔