ابوظہبی(آئی این پی)متحدہ عرب امارات میں پاکستانی شہری نے بیٹے کے بھارتی قاتلوں کو معاف کر دیا۔خلیج ٹائمز کے مطابق دو ہزار پندرہ میں جھگڑے کے دوران قتل ہونے والے فرحان کے والد نے ابو ظہبی میں بیٹے کے قاتلوں کو معاف کر دیا، دس بھارتی مجرموں کو نئی زندگی ملنے کا امکان ہے۔عدالت نے دس بھارتی نوجوانوں کو فرحان کے قتل کے جرم میں سزائے موت سنائی تھی۔ یو اے ای کے قانون کے مطابق، اگر متاثرہ
خاندان معاف کر دے تو سزائے موت کے خلاف عدالت میں اپیل کی جا سکتی ہے۔یو اے ای میں قائم ایک فلاحی تنظیم نے فرحان کے والد کو پشاور سے ابوظہبی بلایا اور ان کو اپنے بیٹے کے قاتلوں کو معاف کرنے پر قائل کیا۔ فریقین کے درمیان معاہدہ طے پانے کے بعد کاغذات اور دو لاکھ درہم خون بہا کی رقم عدالت میں جمع کروا دیئے گئے ہیں۔ معافی کے معاہدے کے بعد مجرموں کی جان بخشی کی امید پیدا ہو گئی ہے تاہم آخری فیصلے کا حق اب بھی عدالت کے پاس ہی ہے۔