نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت کے وزیرداخلہ راج ناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ ہندوستان اپنے پڑوسی ممالک پاکستان اور بنگلہ دیش کے ساتھ منسلک عالمی سرحد کو جلد بند کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔بھارتی ریاست مدھیا پردیش کے ٹیکن پورہ کے علاقے میں بارڈر سیکیورٹی فورس (بی ایس ایف) اکیڈمی میں پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ بھارت جلد سے جلد پاکستان اور بنگلہ دیش کے ساتھ سرحد کو بند کرنے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔بھارتی وزیر داخلہ کا کہنا
تھا کہ سرحدیں بند کرنے کا فیصلہ دہشتگردی اور مہاجرین کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے اہم قدم ہوسکتا ہے۔راج ناتھ سنگھ کے مطابق 2018 تک پاکستان کے ساتھ سرحد کو یقینی طور بند کردیا جائے گا، اور یہ فیصلہ بھارت میں مسلسل بڑھتی ہوئی مداخلت کے باعث کیا گیا۔راج ناتھ سنگھ نے بتایا کہ مرکزی سیکریٹری داخلہ کی جانب سے اس منصوبے کی وقفے وقفے سے نگرانی کی جائے گی، سیکیورٹی نقطہ نظر کے لیے اس منصوبے کی نگرانی بی ایس ایف کے عہدیداران کریں گے۔