بیجنگ (آن لائن) چین نے پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کو باعث تشویش قرار دیتے ہوئے کہا کشمیرکے حوالے سے بیجنگ کی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی اور دونوں ممالک کو کشمیر کے معاملے پر مذاکرات میں پیشرفت کرنا ہو گی ۔ ملکی خبررساں ادارے کے مطابق بیجنگ میں صحافیوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے بتایا کہ چین کی
یہ پالیسی ہے کہ مسئلہ کشمیر پر پاکستان اور بھارت کو مذاکرات میں تیزی لانی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک ایک دوسرے کی خود مختاری کا احترام کرتے ہوئے دخل اندازی سے گریزکریں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم دونوں ممالک کی سرحدوں کو محفوظ دیکھنا چاہتے ہیں انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کو اس حقیقت کا ادراک کرنا چاہئے کہ مسئلہ کشمیر خطے کے امن کو یرغمال بنائے ہوئے ہے ۔