سیول/کوالالمپور(این این آئی)کمیونسٹ شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اْن کے ایک سوتیلے بھائی کو ملائیشیا میں زہریلی سوئیاں چبھو کر قتل کر دیا گیا ۔ امریکا میں ٹرمپ انتظامیہ کے ذرائع نےیقین ظاہر کیا ہے کہ یہ قتل شمالی کوریائی خواتین ایجنٹوں نے کیا۔میڈیارپورٹس کے مطابق شمالی کوریا کی حریف ریاست جنوبی کوریا کے میڈیا نے بتایا کہ کم جونگ اْن کے اس سوتیلے بھائی کو، جن کا نام کم جونگ نم تھا، ماضی میں بظاہر اپنے والد اور ملکی لیڈر کا سیاسی جانشین سمجھا جاتا تھا۔سیئول میںجنوبی کوریا کے حکومتی ذرائع نے جونگ نم کی ہلاکت کی تصدیق کردی جبکہ جنوبی کوریائی پولیس کے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا کہ
مرنے والا شخص ایک شمالی کوریائی شہری تھا، جس کا نام کم چول تھا۔سیئول میں ملکی ذرائع ابلاغ نے بتایا کہ کم جونگ نم کو بظاہر دو شمالی کوریائی خاتون ایجنٹوں نے زہریلی سوئیاں چبھو دی تھیں، جس کے بعد انہیں کوآلالمپور کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ہی فوری طبی امداد کی ضرورت پڑ گئی تھی تاہم وہ ہسپتال لے جاتے ہوئے راستے میں ہی دم توڑ گئے۔سیئول میں ملکی میڈیا کے مطابق قتل کیے جانے والے شمالی کوریائی شہری کا اصل نام کم جونگ نم ہی تھا، جو کم جونگ اْن کے سوتیلے بھائی تھے، لیکن وہ ایک ایسے پاسپورٹ پر سفر کر رہے تھے، جس میں ان کا نام کم چول درج تھا۔