نئی دہلی(این این آئی)بھارتی فوجیوں کو کم اور ناقص خوراک ملنے کا بھانڈا پھوڑنے والے تیج بہادر سنگھ کے متعلق سیکیورٹی حکام نے نیا دعویٰ کرتے ہوئے کہاہے کہ تیج بہادر کے فیس بک دوستوں میں سے 5 سو سے زائد پاکستانی ہیں۔
بھارتی اخبار نے سیکیورٹی حکام کے حوالے سے دعویٰ کیا کہ تیج بہادر کے فیس بک اکاونٹ کی چھان بین کی گئی تو اس کے 3 ہزار سے زائد دوستوں میں سے 5 سو سے زائد پاکستانی ہیں اور نہ جانے ان میں سے کتنے لوگوں کا تعلق پاکستانی ایجنسیوں سے ہوگا۔بھارتی حکام کا کہنا تھاکہ فیس بک پر تیج بہادر کے نام سے 37جعلی اکاونٹ چل رہے ہیں۔تیج بہادر نے کنٹرول لائن پر تعیناتی کے دوران ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر شیئر کی تھی جس میں فوجی جوانوں کو دی جانی والی خوارک کے ناقص معیار کا پردہ چاک کیا گیا تھا۔تیج بہادر کی بیوی کا دعویٰ ہے کہ اس کے شوہر کو بھارتی سیکیورٹی فورسز نے قید کررکھا ہے اور اسے جان کا خطرہ ہے۔