اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) خدشہ تو پہلے سے ہی تھا کہ حالیہ امریکی انتخابات میں منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ مسلمانوں اور دوسری ا قلیتوں کے سخت خلاف ثابت ہونگے تاہم حلف اٹھانے کے فوراً بعد ہی وہ اپنے عزائم کو پایہ تکمیل تک پہنچانے میں لگ جائیں گے کسی نے سوچا بھی نہ تھا ۔ٹرمپ کے حالیہ اعلانات کے بعد جہاں امریکہ کی
کئی ریاستوں اور امریکی شہروں میں ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف مظاہرے کیے جا رہے ہیں وہیں دوسری جانب امریکہ میں مقیم مسلمان بھی مشکلات کا شکار ہو گئے ہیں۔ دو دن قبل جہاں ٹیکساس میں نا معلوم افراد نے مسلمانوں کی عبادت گاہ کو نشانہ بنایا ۔ امریکہ میں صرف مسلمان مخالف ہی نہیں بستے بلکہ وہاں مسلمان دوست بھی موجود ہیں۔ تازہ ترین میڈیا رپورٹس کے مطابق سوشل میڈیا پر ایک امریکی شخص کی تصویر وائرل ہو گئی ہے ۔ اس تصویر میں امریکی شخص کو ایک بینر اُٹھائے ہوئے دیکھا گیا جس پر تحریر تھا کہ میرے پڑوسی پاکستان سے تعلق رکھتے ہیں اور میں ان کی ہر قیمت پر ان کا دفاع کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی حفاطت بھی کروں گا چاہے اس کے لیے مجھے اپنی جان کیوں نہ دینی پڑے ۔ امریکی شخص کے اس جذبے کو سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بھی خوب سراہا جا رہا ہے۔ سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ ایک طرف جہاں مسلمانوں کے خلاف نفرت پھیلائی جا رہی ہے وہیں دوسری جانب امریکی شہری اپنے پاکستانی اور مسلمان ساتھیوں کے تحفظ کے لیے کھڑے ہو گئے ہیں جو انسانیت کی اعلیٰ مثال ہے۔ سوشل میڈیا پر اس نئی صورتحال سے امید ہےکہ امریکہ میں مسلمانوں کے نئے مددگار بھی سامنے آئیں گے جو ابھی تک ہچکچاہٹ یا کسی بھی قسم کےخوف کا شکار تھے ۔