نیویارک(آئی این پی)امریکہ کے جنوب مشرقی علاقوں میں آنے والے طوفان کے باعث18 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے، جبکہ محکمہ موسمیات نے مزید طوفان کے پیش نظر شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت جاری کردی ۔امریکی میڈیا کے مطابق ریاست جارجیا میں طوفان کے باعث مختلف حادثات میں 12افراد ہلک جبکہ5افرادلاپتہ ہوگئے ہیں جن کاابھی تک سراغ نہیں لگایاجاسکاہے ، طوفان سے متعدد مکانات کو بھی نقصان پہنچا ہے
، جارجیا میں ہلاک ہونے والے افراد کا تعلق جنوبی کک، بروکس اور بیرن کے علاقوں میں سے تھا۔ان میں سے سات افراد کک علاقے میں ایک عارضی مکان میں رہائیش پذیر تھے۔
امریکی ریاست مسی سیپی میں ہوا کے طاقتور بگولوں نے تباہی مچادی، طوفان کی زد میں آکر 4افراد مارے گئے اور20 سے زائد زخمی ہوئے۔بگولے سے کئی عمارتوں اور گھروں کی چھتیں اور دیواریں گر گئیں ہیں اور متعدد درخت بھی جڑ سے اکھڑ گئے ہیں، جبکہ طوفان کے باعث کچھ علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی متاثر ہوگئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے مزید گرج چمک کے ساتھ طوفان کے خطرے کے باعث شہریوں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس موقع پر گورنر نیتھن ڈیل کے ساتھ بات چیت میں جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔