بیجنگ (آئی این پی)چین نے ملک بھر کی جامعات میں پاکستان سمیت دنیا بھر کے زیر تعلیم طلباء کے لئے روزگار کے مواقعوں کے حوالے سے نئی پالیسی جاری کردی ہے ۔ چین کی وزارت انسانی وسائل اور سماجی تحفظ ،وزارت خارجہ اور وزارت تعلیم کی جانب سے جمعہ کو ایک تفصیلی پالیسی جاری کی گئی ہے جس میں چین تعلیم حاصل کرنے والے غیر ملکی طلباء کو مطلع کیا گیا ہے کہ وہ تعلیم مکمل ہونے کے بعد چین کے مختلف اداروں میں روزگار کے مواقع حاصل کر سکتے ہیں ۔ پالیسی کے مطابق چین کی جامعات سے ایم اے یاپی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کرنے والے طلباء روزگار کے مواقع حاصل کر سکتے ہیں ۔پالیسی میں طلباء کیلئے6شرائط پر پورا اترنا ضروری بتایا گیا ہے جس میں کم ازکم عمر18سال ، صحت کا بہترین ہونا ،کسی بھی قسم کے جرائم سے دور رہنا، بہترین تعلیمی قابلیت ،نظم وضبط کا پابند ہونا اورمذکورہ شعبہ کے ڈگری حاصل کرنا ہے۔غیر ملکی طلباء کو روزگار کے مواقع حاصل کرنے کیلئے سب سے پہلے ورک پرمٹ حاصل کرنا ہوگا ۔واضح رہے کہ چین کی مختلف جامعات میں فی الوقت 14ہزار پاکستانی طلباء زیر تعلیم ہیں جو کہ پالیسی کے مطابق شرائط پر پورا اترنے کے بعد روزگار کے مواقع حاصل کر سکتے ہیں ۔