بیجنگ(آئی این پی)چین نے امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغانستان کے معاملہ پرماسکو میں پاکستان ، چین اور روس کے مابین ہونے والے سہ فریقی مذاکرات سے خطے میں امن کے فروغ اور تعمیر وترقی میں مدد ملے گی ۔ چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ہوا چھون اینگ نے منگل کو معمول کی پریس بریفنگ میں بتایا کہ چینی وزارت خارجہ کے خصوصی نمائندہ برائے افغانستان تینگ شی چن سہ فریقی مذاکرات میں چین کے نمائندہ ہیں ۔چین مسلسل افغان امن عمل کی حمایت کرتا ہے اور ہمارا موقف ہے کہ امن مذاکرات ہی افغان مسئلے کا واحد حل ہیں ۔ ہم ہمیشہ تعمیری کردارادا کرنے کے لئے تیار ہیں اور ایسا ہم کرتے رہے ہیں ۔
رواں سال میں چینی سفارتکاری کی کامیابیوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دنیا میں سب سے بڑا ترقی پذیر ملک ہونے کے ناطے ہم ابھی بھی معاشی طور پر سب سے زیادہ مضبوط نہیں ہیں ۔دوسرے ممالک کے ساتھ باہمی تعلقات پر ہم شکرگزار ہیں جو کہ باہمی اعتماد ، مساوی احترام اور مشترکہ جیت کی بنیادپر امن بقائے باہمی کے پانچ بنیادی اصول ہیں۔ چین اپنے بنیادی مفادات کا تحفظ کرنے اور اپنے استعداد کار کے مطابق مسائل حل کرنے کی اہلیت رکھتا ہے ۔