اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) دبئی کے گرینڈ مفتی نے شوہر کے موبائل فون کی جاسوسی کرنے کے عمل کو حرام قرار دیدیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق دبئی میں اسلامک افیئرز اینڈ چیرٹیبل ایکٹیوٹیز ڈیپارٹمنٹ کے گرینڈ مفتی ڈاکٹر احمد مشائل نے موبائل پر مردوں کی جاسوسی کرنے کے حوالے سے حیران کن فتویٰ جاری کر تے ہوئے کہا ہے کہ اس قسم کی حرکات سے شادی شدہ جوڑے میں اعتماد کا فقدان پیدا ہوتا ہے جس سے شکوک و شبہات اور بے یقینی پیدا ہوتی ہے اور آخر کار زندگی متاثر ہوتی ہے تاہم مسلمانوں کو اس قسم کے کاموں سے پرہیز کرنا چاہئیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بیوی کی طرف سے اپنے شوہر کے موبائل فون کی جاسوسی ایک ناپسندیدہ اور حرام عمل ہے جس سے اجتناب کیا جانا چاہئیے۔ ایک امریکی سروے کمپنی نے انکشاف کیاہے کہ 10میں سے ایک عورت اپنے شوہر کے فون کی جاسوسی کرتی ہے اور یہ عمل عام ہوتا جا رہا ہے جس کے پیش نظر مفتی کی جانب سے اس رویے کو حرام قرار دیا گیا ہے۔