دمشق(آئی این پی)شا م میں داعش کے خلاف ترک فضائی کارروائیوں میں 24 بچوں سمیت 88 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے ۔غیر ملکی میڈیاکے مطابق شام میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ترک فضائی کارروائیوں میں 24 بچوں سمیت 88 افراد مارے گئے ۔شامی مبصرین کے مطابق ترک فورسز نے شمالی علاقے میں داعش کے گڑھ پرتازہ فضائی کارروائی کی ، جس میں 3 بچوں سمیت 16 شہری مارے گئے۔اس کارروائی کے بعد گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شام میں ترکی کی فضائی کارروائیوں میں ہلاکتوں کی تعداد88 ہوگئی۔
شامی آبزرویٹری برائے انسانی حقوق کا کہنا ہے کہ دو حملے کیے گئے مرنے والوں میں خواتین بھی شامل ہیں۔ترکی کی جانب سے شہریوں کی ہلاکتوں کی تصدیق نہیں کی گئی ہے تاہم فوج کاکہنا ہے کہ علاقے میں نئے حملے کیے گئے ہیں جس میں داعش کے 22ارکان ہلاک ہوگئے ہیں جبکہ 37عمارتیں تباہ ہوگئیں۔ واضح رہے کہ اس سے قبل شدت پسند تنظیم داعش نے ترکی کے 2فوجیوں کو زندہ جلانے کی ویڈیو جاری کی ہے ۔