لاہور(آئی این پی)عالمی شہرت یافتہ بلاگ پیپل کین چینج دی ورلڈ کی طرف سے مادری زبانوں کے حوالے سے جاری کی گئی ایک تازہ رپورٹ میں اس بات کا انکشاف کیا گیا ہے کہ پاکستان میں سب سے زیادہ 48فیصد افراد پنجابی اور 8 فیصد اْردو بولتے ہیں۔ جبکہ انگریزی سرکاری سطح پر سب سے زیادہ استعمال ہوتی ہے۔ رپورٹ کے مطابق زمانے کی جدت اور سرکاری زبانوں کے بڑھتے ہوئے استعمال سے مادری زبانوں کی اہمیت ماند پڑ رہی ہے، عالمی سطح پر سب سے زیادہ استعمال ہونے والی مادری زبان چینی ہے جبکہ سرکاری سطح پر سب سے زیادہ استعمال ہونے والی زبان’’ انگریزی ‘‘ہے۔مادری زبانوں کے حوالے سے جاری رپورٹ میں سکالر نے اعتراف کیا ہے کہ انسانی معاشرے میں نقل مکانی مختلف تہذیبوں کی جانب ہجرت اور آبادکاری ایک طرف تہذیبوں کے ملاپ کا باعث بنی تو دوسری جانب اِس ادغام سے رفتہ رفتہ کئی تہذیبوں کا خاتمہ بھی ہوا۔ جس کا اثر وہاں بولی جانے والی زبانوں پر بھی پڑا۔ یہی وجہ ہے کہ دنیا میں بولی جانے والی 6912زبانوں میں سے 516 مکمل طور پر ختم ہو چکی ہیں اور اب صرف حوالوں میں ہی ملتی ہیں۔