نئی دہلی(این این آئی)میانمار کی سرحد کے قریب خود کار ہتھیاروں سے مسلح باغیوں کے ایک حملے میں بھارت پولیس کے چار افسران ہلاک ہو گئے ۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ملک کی شمال مشرقی ریاست منی پور میں ہونے والے اس حملے کے نتیجے میں تین پولیس افسران زخمی بھی ہوئے ۔ ایک ہائی وے پر موجود یہ پولیس افسران ریاستی وزیر اعلیٰ کے دورے کے سلسلے میں سکیورٹی انتظامات دیکھنے کے لیے وہاں موجود تھے۔
یہ حملہ منی پور کے لکچاؤ نامی علاقے میں کیا گیا، جو بھارت کے ہمسایہ ملک میانمار کی سرحد سے بالکل قریب ہے۔ گشت کرتی ہوئی پولیس پر جب رائفلوں سے حملہ کیا گیا، تو ایک افسر موقع پر ہی ہلاک ہو گیا تھا جبکہ دیگر تین پولیس اہلکار قریبی ہسپتال میں دم توڑ گئے۔ بتایا گیا ہے کہ اس کے بعد دو طرفہ فائرنگ کا تبادلہ کئی گھنٹوں تک جاری رہا۔اس حملے کے بعد ایک دوسرے مقام پر بھی پولیس پر حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں ایک مزید پولیس افسر زخمی ہوا۔ پولیس کی طرف سے ان حملوں کی ذمہ داری نیشنل سوشلسٹ کونسل آف ناگالینڈ کے ایک دھڑے پر عائد کی گئی ہے۔ اس ریاست کے مسلح باغی مرکزی حکومت پر علاقے کے قدرتی ’وسائل لوٹنے‘ اور مقامی ترقی کو نظر انداز کرنے کا الزام عائد کرتے ہیں۔ بھارت کی شمال مشرقی اور غریب ریاستوں میں سرگرم دیگر باغی گروپوں کے برعکس منی پور کے مرکزی باغی گروپ حکومت کے ساتھ فائر بندی کے مذاکرات سے انکار کرتے آ رہے ہیں۔