برسبین(این این آئی) آسٹریلیا اور پاکستان کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ٹیست میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ(آج)15 دسمبر سے برسبین کرکٹ گراؤنڈ پر شروع ہوگا۔ پہلا ٹیسٹ میچ ڈے اینڈ نائٹ ہوگا اور پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق صبح 8 بجے شروع ہوگا۔ شیڈول کے مطابق پاکستان ٹیم اپنے دورے کے دوران میزبان ٹیم کے خلاف تین ٹیسٹ اور پانچ ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کی سیریز کھیلے گی۔ پاکستان ٹیم کی قیادت مصباح الحق کرینگے ٗ میزبان ٹیم کی قیادت سٹیون سمتھ کرینگے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا دوسرا ٹیسٹ 26 دسمبر سے میلبورن میں شروع ہو گا ٗ دونوں کے درمیان آخری ٹیسٹ 3 سے 7 جنوری تک سڈنی میں کھیلا جائے گا، ٹیسٹ سیریز ختم ہونے کے بعد پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ون ڈے سیریز کا پہلا میچ 13 جنوری، دوسرا میچ 15، تیسرا میچ 19، چوتھا میچ 22 جبکہ پانچواں اور آخری میچ 26 جنوری کو کھیلا جائیگا۔
معروف کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق پاکستان کی جانب سے میدان میں اترنے والے متوقع گیارہ کھلاڑی یہ ہونگے۔سمیع اسلم، اظہرعلی، بابر اعظم، یونس خان، مصباح الحق(کپتان) اسد شفیق، سرفرازاحمد(وکٹ کیپر) وہاب ریاض،یاسرشاہ، محمد عامر اور راحت علی۔