واشنگٹن(این این آئی) امریکا کے کئی کمپیوٹر ماہرین نے شکست خوردہ صدارتی امیدوار ہیلری کلنٹن کی انتخابی مہم چلانے والے گروپ پر زور دیا ہے کہ ہیلری نتائج کو چیلنج کرتے ہوئے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا مطالبہ کردیں۔امریکی ٹی وی کے مطابق کمپیوٹر ماہرین نے ہیلری کی مہم پر زور دیا ہے کہ وہ ریاست وسکونسن، مشی گن اور پنسلوانیہ میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی درخواست دائر کردیں۔کمپیوٹر ماہرین نے کہا
کہ انہیں اس بات کے اشارے ملے ہیں کہ ان تین ریاستوں میں ووٹوں کی تعداد پر اثر انداز ہونے یا سسٹم کو ہیک کرنے کی کوشش کی گئی۔ماہرین نے اپنی تحقیقات ہیلری کلنٹن کے قریبی ساتھیوں کو بھجوادی ہیں۔ان ماہرین میں یونیورسٹی آف مشی گن سینٹر برائے کمپیوٹر سیکیورٹی اینڈ سوسائٹی کے ڈائریکٹر جے ایلکس ہیلڈر مین بھی شامل ہیں اور انہوں نے ہیلری کے انتخابی کیمپ کو اس بات سے ا?گاہ کیا کہ ان کے خیال میں جن ریاستوں میں پیپر بیلٹ یا آپٹیکل اسکینر کے بجائے الیکٹرانک ووٹنگ ہوئی وہاں مشکوک طور پر ہیلری کلنٹن کی کارکردگی غیر متاثر کن رہی۔
ماہرین کے اس گروپ نے ہیلری کلنٹن کی انتخابی مہم کے چیئرمین جان پوڈیسٹا اور قانونی مشیر مارک الیاس کو مطلع کیا کہ جن ریاستوں میں الیکٹرانک ووٹنگ ہوئی وہاں ہیلری کلنٹن کو 7 فیصد کم ووٹ ملے جبکہ ماہرین خدشہ ظاہر کررہے ہیں کہ یہاں ہیکنگ ہوسکتی ہے۔گروپ کا یہ بھی کہنا تھا کہ انہیں ہیکنگ کے حوالے سے کوئی ٹھوس شواہد نہیں ملے تاہم جو پیٹرن سامنے آیا ہے اسے آزادانہ طور پر دیکھنے کی ضرورت ہے۔اس حوالے سے ڈونلڈ ٹرمپ کی ٹیم کی جانب سے کوئی رد عمل سامنے نہیں آیا۔