نئی دہلی (آئی این پی)اڑی حملے کے بعد معطل ہونے والے افسر کی بحالی کے معاملے پر بھارتی وزارت دفاع اور فوج میں ٹھن گئی ،حملے کے بعد معطل فوجی افسر کو 61 انفنٹری بریگیڈ کا کمانڈر تعینات کرنے پر حکومت نے فوج سے جواب مانگ لیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق وزارت دفاع نے اڑی سیکٹر پر حملے کے بعد معطل کئے جانے والے بریگیڈئر کے سوماشنکر کو نئی جگہ تعینات کرنے پر فوجی ہیڈکوارٹرز سے جواب طلب کر لیا ہے۔ بھارتی وزارت دفاع نے استفسار کیا ہے
کہ قومی تحقیقاتی ایجنسی این آئی اے کی جانب سے تفتیش مکمل ہونے سے پہلے بریگیڈئر کو دوبارہ تعینات کیسے کیا گیا؟ فوج نے ایک خاص افسر جس کے خلاف انکوائری چل رہی ہے، اسے اس طرح کی فیور کیوں دی؟۔وزارت دفاع کو بتایا گیا ہے کہ اگر متعلقہ فوجی افسر تحقیقات میں بے قصور پایا گیا تو وہ فورس کے خلاف عدالت میں جا سکتا ہے، محض شک کی بنیاد پر اسے فوج سے نہیں نکالا جا سکتا۔واضح رہے کہ اڑی سیکٹر پر حملے کے بعد حکومت نے وہاں تعینات بریگیڈئر کے سوما شنکر کو ہٹا کر شامل تفتیش کیا تھا۔ حملے میں 19 بھارتی فوجی ہلاک ہوئے تھے جس کے بعد بھارت نے حملے کا الزام پاکستان پر عائد کردیا جسے پاکستان نے سختی سے مسترد کردیا اور دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی پیدا ہوگئی۔