اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پاک روس مشترکہ مشقوں کی خبر ملتے ہی مودی سرکار کی نیندیں اڑ گئی ہیں۔ گھبراہٹ میں بھارت نے مطالبہ کیا ہے کہ روس بھارت یا پاکستان میں سے کسی ایک کا انتخاب کرے۔ بھارتی حکام نے روس سے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسے روس کا پاکستان کی طرف جھکاو قبول نہیں۔تفصیلات کے مطابق پاک روس مشترکہ مشقوں نے مودی سرکار کی نیندیں اڑا دیں۔ بھارتی اخبار نے اپنی اشاعت میں روس اور پاکستان کی مشترکہ فوجی مشقوں پر بھارتی تحفظات کی خبر دیتے ہوئے سوال اٹھایا ہے کہ کیا ان مشقوں کے بعد دہلی اور ماسکو کے تعلقات برقرار رہ سکیں گے؟ اخبار لکھتا ہے کہ بھارت اور روس کے برسوں سے قائم خصوصی تعلقات رواں ہفتے معمول کے تعلقات میں تبدیل ہو گئے ہیں۔بھارتی حکومت کے پیٹ میں اڑی حملے کے صرف ایک ہفتے بعد شروع ہونے والی انسداد دہشت گردی کی ان مشترکہ مشقوں سے درد اٹھنے لگا ہے۔ سوال یہ ہے کہ کیا وجہ ہے کہ آٹھ برسوں سے روس کے ساتھ مل کر جنگی مشقیں کرنے والا بھارت پاک روس مشقوں سے کیوں پریشان ہے۔اخبار لکھتا ہے کہ انڈین حکومت نے اپنے سب سے بڑے دفاعی سپلائر روس کو تنبیہ کی ہے کہ وہ پاکستان یا بھارت میں سے کسی ایک کا انتخاب کرلے۔ روس نے اپنی فوجیں پاکستان بھیج کر بھارت کے ساتھ اپنے تعلقات کے درمیان ایک سرخ لکیر کھینچ دی ہے۔