اشک آباد(این این آئی)ترکمانستان میں ایک نئے بین الاقوامی ہوائی اڈے کا افتتاح کیا گیا ہے جس کی چھت اڑتے ہوئے شاہین کی شکل میں بنائی گئی ہے۔یہ نیا بین الاقوامی ائیر پورٹ ترکمانستان کے دارالحکومت اشک آباد میں تعمیر کیا گیا ہے اور اس کا ڈیزائن قومی ایئر لائن کی طرز پر بنایا گیا ہے۔اس ائیر پورٹ پر دو ارب 30 کروڑ لاگت آئی ہے اور یہاں سے ایک گھنٹے میں 1600 مسافروں کی آمد و رفت ہو سکتی ہے۔تاہم اپنی خودمختار قیادت اور وسیع توانائی کے ذخائر کے لیے مشہور وسطی ایشیا کے اس ملک کا دورہ کرنے والے غیر ملکیوں کی تعداد انتہائی کم ہے۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق سنہ 2015 میں صرف ایک لاکھ پانچ ہزار سیاحوں نے یہاں کا دورہ کیا، جبکہ ترکمانستان کا ویزہ حاصل کرنا بھی انتہائی مشکل ہے۔اشک آباد میں کئی دیگر منفرد عمارتیں بھی تعمیر کی گئی ہیں جن میں کھلی کتاب کی صورت میں ایک پبلشنگ ہاؤس کی عمارت بھی شامل ہے۔اس شہر میں قربانیقلی بردیی محمدف اور ان سے قبل آنے والے صدر کے دو بڑے سنہری مجسمے بھی موجود ہیں۔