بیجنگ(این این آئی)روسی شہر ولادی ووستک میں جاپان کے وزیراعظم شینزو آبے نے روسی صدر ولادیمیر پوٹن کے ساتھ ملاقات کی۔ یہ ملاقات اِس شہر میں انٹرنیشنل بزنس اور اقتصادی فورم کے حاشیے میں ہوئی۔میڈیارپورٹس کے مطابق اس فورم میں تقریر کرتے ہوئے جاپانی وزیراعظم نے صدر پوٹن سے اپیل کی کہ وہ دونوں ملکوں کے درمیان گزشتہ ستر برسوں سے جاری تناؤ کو کم کرنے میں ذاتی اثر و رسوخ استعمال کریں تا کہ روس اور جاپان گرم جوش تعلقات کے ایک نئے دور کا آغاز کر سکیں۔ ان دونوں ملکوں کے درمیان دوسری عالمی جنگ کے بعد بحر الکاہل میں واقع کْورل جزائر پر ملکیت کا تنازعہ چل رہا ہے۔ کورل جزائر پر روس کا قبضہ ہے۔