وائن ٹیان (آئی این پی )چین کے وزیر خارجہ وانگ یی نے کہا ہے کہ چین اور آسیان ممالک نے اپنے اجلاس کے دوران دوطرفہ تنازعات طے کرنے کے لئے مذاکرات اورتعاون پر زور دیا ہے ،چین اور آسیان ممالک قریبی رابطوں کو مزید مضبوط بنانے پر رضا مند ہو گئے ہیں اور اس سلسلے میں چھ شعبوں میں ترجیح بنیادوں پر تعلقات کو آگے بڑھانے پر زوردیا ہے ، ان میں ثقافت ، عوامی رابطے ، سیاسی سلامتی کیلئے مذاکرات ، تجارت اوراقتصادی ترقی کے شعبے شامل ہیں ۔یہ بات چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے 27ممالک کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کے موقع پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے کہا کہ ثالثی ٹریبونل کے پس پردہ سیاسی بالادستی کے مقاصد کارفرما تھے، ہم انہیں ناکام بنا دیں گے ، امریکہ ، جاپان اور آسٹریلیا کے جنوبی بحیرہ چین کے بارے میں سہ فریقی بیانات کو مسترد کرتے ہیں ،ہم ان ممالک سے پوچھنا چاہتے ہیں کہ وہ اس مسئلے پر ایک امن پسند کا کردار ادا کرنا چاہتے ہیں یا امن دشمن کا ۔آسیان ممالک کے وزرائے خارجہ نے آپس میں تعاون کی خواہش کا اظہار کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ آئندہ ستمبر میں ہونیوالی کانفرنس ان ملکوں کے تعلقات میں اہم کردار ادا کرے گی ، وزرائے خارجہ نے جنوبی بحیرہ چین کے مسئلے پر بھی بات چیت کی ، آسیان ممالک اور چین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ مسائل کو حل کرنے کا بہترین راستہ دوطرفہ مذاکرات ہیں ۔