ریاض (مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی عرب میں نابینا افراد کی بہبود کے لیے سرگرم ایک مقامی فلاحی تنظیم نے القصیم گورنری کے البریدہ شہر میں رہنے والے نابینا افراد کی مساجد تک رسائی کا خصوصی ٹریک تیار کرنے کے منصوبے پر کا کام شروع کیا ہے۔ ابتدائی طورپر شہر کی 8 مساجد تک 14 نابیناؤں کی رسائی آسان بنانے کے لیے ٹریک تیار کرلیے گئے ہیں جب کہ اگلے دو ہفتوں کے دوران شہر کی 40 مساجد اور نابینا افراد کے گھروں کے درمیان خصوصی ٹریک تیار کیے جائیں گے۔ خصوصی ٹریک کی تیاری کے لیے چند اہم معیار مقرر کیے گئے ہیں۔ ان میں نابینا افراد کے گھروں کا مسجد کے قریب ہونا۔ گھر اور مسجد کے درمیان کوئی خطرناک چوراہوں کا نہ ہونا اور نابینا افراد کا ملکیتی گھر ہونا بنیادی شرائط ہیں۔ اگر ان میں سے کوئی ایک شرط پوری نہیں ہوتی تو وہاں پر ٹریک نہیں بنایا جائے گا۔