پیرس (این این آئی)فرانس میں روان شہر کے قریب واقع چرچ پر دو مسلح افراد کے حملے میں پادری ہلاک ہو گیا ٗ جوابی کارروائی میں دونوں حملہ آور بھی مارے گئے ۔پولیس حکام کے مطابق مسلح حملہ آور سینٹ ایٹیینے ٗ دو روورے میں واقع چرچ میں دعائیہ تقریب کے دوران داخل ہوئے اور انھوں نے چرچ کے 84 سالہ پادری اور دیگر چار افراد کو یرغمال بنا لیاتاہم کچھ ہی دیر میں پولیس وہاں پہنچ گئی اور بروقت کارروائی کرتے ہوئے انہیں ہلاک کردیا۔فرانس کی وزارتِ داخلہ کے ترجمان پیری ہینری برینڈٹ نے کہا ہے کہ یرغمال بنائے ایک شخص کی حالت تشویشناک ہے ٗوزارتِ داخلہ کے ترجمان پیری ہینری برینڈٹ کے مطابق ابھی تک حملے کے محرکات کے بارے میں معلوم نہیں ہو سکا ٗ واقعہ کی تحقیقات انسداد دہشت گردی کی پراسیکیورٹرز کریں گے۔فرانس کے وزیراعظم مینوئل ویلس نے ٹوئٹر پر ایک پیغام میں حملے کو سفاکانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ سارا فرانس اور کیتھولک زخمی ہیں اور اب بھی ہم متحد ہیں۔انھوں نے کہا کہ حملہ آوروں کے خلاف اس وقت کارروائی کی گئی جب وہ چرچ سے باہر آ رہے تھے اطلاعات کے مطابق یرغمال بنائے جانے والوں میں ایک پادری، دو راہبہ اور چرچ کے اندر عبادت میں مصروف دیگر دو افراد شامل تھے۔مقامی عہدے داروں نے تصدیق کی کہ حملہ آوروں نے یرغمال بنائے گئے پادری کا گلا کاٹ کر اسے ہلاک کیا جس کے بعد پولیس پہنچ گئی اور دونوں حملہ آوروں کو بھی مار دیا ۔