اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)فرانس میں گزشتہ حملوں کے بعد ایک اور حملہ ہو گیا۔ فرانس کے ایک چرچ میں چاقو کے زور پر لوگوں کو یرغمال بنانے والے دونوں حملہ آوروں کو پولیس نے فائرنگ کرکے ہلاک کردیا جبکہ ایک یرغمالی بھی مارا گیا. امریکی خبر ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق فرانس کے شمالی نورمینڈی خطے میں واقع ایک گرجا گھرمیں موجود افراد کو دو چاقو بردار حملہ آوروں نے یرغمال بنایا تاہم کچھ ہی دیر میں پولیس وہاں پہنچ گئی اور جوابی کارروائی کرتے ہوئے انہیں ہلاک کردیا۔ ذرائع کے مطابق 4 سے 6 افراد کو یرغمال بنایا گیا تھا، واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے چرچ کو گھیرے میں لے لیا تھا اور ایمبولنسیں بھی جائے وقوع پر پہنچ گئی تھیں۔ اطلاعات کے مطابق یرغمال بنائے جانے والوں میں ایک پادری، دو راہبہ اور چرچ کے اندر عبادت میں مصروف دیگر دو افراد شامل تھے۔
فرانسیسی وزات داخلہ کے ترجمان نے بھی واقعے میں دونوں حملہ آوروں کی ہلاکت کی تصدیق کردی ہے. مقامی عہدے داروں کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں نے یرغمال بنائے گئے ایک پادری کا گلا کاٹ کر اسے ہلاک کیا جس کے بعد پولیس پہنچ گئی اور دونوں حملہ آوروں کو ہلاک کردیا. حملہ آوروں کی شناخت اور مقاصد کے بارے میں ابھی کچھ معلوم نہیں ہوسکا ہے. واضح رہے کہ جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں بھی چاقو بردار حملہ آور نے 19 افراد کو ہلاک کردیا تھا۔
پیرس بھی گزشتہ دو برسوں سے دہشتگردوں کے نشانے پر ہے اور یہاں دہشتگردی کے کئی واقعات رونما ہوچکے ہیں۔ تقریباً 11 روز قبل فرانس کے جنوبی شہر نیس میں ایک ٹرک ڈرائیور نے قومی دن کی تقریبات میں شریک افراد کو کچل دیا تھا جس کے نتیجے میں 84 افراد ہلاک جبکہ متعدد شدید زخمی ہوگئے تھے، اس حملے کی ذمہ داری داعش نے قبول کی تھی ۔
فرانس میں ایک اور حملہ ہو گیا ذمہ داری قبول کر لی گئی
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں