اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )امریکی تھنک ٹینک اداروں کا کہنا ہے کہ چین اور بھارت کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی آنا فانا خطرناک جنگی محاذ کی طرف لے جا سکتی ہے۔ بھارتی ملٹری اسٹیبلشمنٹ کی جانب سے چین کے متنازعہ سرحد کے قریب بھاری تعداد میں فورسز ، جدید اسلحہ اور ٹینک تعینات کیے جانے کے بعد دونوں ممالک کے تعلقات متاثر ہو رہے ہیں اور خدشہ ہے کہ دونوں اطراف سے چھوٹی سی بھی خلاف ورزی معاملات کو الجھا سکتی ہے لہذا امریکہ کو چاہیئے کہ اس خطرناک موومنٹ پر نظر رکھے۔بھارتی میڈیا کے مطابق انڈین آرمی نے چین کے ساتھ ملحقہ سرحد کے قریب واقع مشرقی لداخ میں بھاری مقدار میں جدید اسلحہ اور آرمی کی ایک خاصی تعداد تعینات کر دی ہے ، جبکہ دوسری جانب چینی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ ہندوستانی افواج کے اس نئے اقدام سے دونوں ممالک کے تعلقات بری طرح متاثر ہو سکتے ہیں اور اس کا دونوں ممالک میں تجارتی حلقوں پر بھی منفی اثر پڑیگا۔