سری نگر(نیوز ڈیسک) ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں ہندوستانی فورسز نے مبینہ مقابلے میں 5 مبینہ عسکریت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ہندوستان کے فوجی حکام کا کہنا ہے کہ فورسز نے سری نگر سے 130 کلومیٹر دور لائن آف کنٹرول کے قریب گوریز کے علاقے میں سرحد عبور کرنے والے مبینہ مسلح عسکریت پسندوں کے ایک گروپ کے خلاف کارروائی کی ہے۔کرنل این این جوشی نے بتایا کہ ’گوریز سیکٹر میں ایل او سی عبور کرنے والے 5 عسکریت پسندوں کو ہلاک کردیا گیا ہے۔‘انھوں نے کہا کہ سکیورٹی اہلکاروں نے دراندازی کی کوشش کو ناکام بنایا ہے۔واضح رہے کہ ہندوستان کی جانب سے گزشتہ کئی سالوں سے پاکستان پر کشمیر میں دراندازی کا الزام لگایا جاتا رہا ہے۔تاہم ہندستان کے تمام الزامات کی اسلام آباد نے ہمیشہ تردید کرتے ہوئے اس سے ثبوت طلب کئے ہیں۔پاکستان کا کہنا ہے کہ وہ کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی سیاسی حمایت کرتا ہے جسے وہ ہر صورت جاری رکھے گا۔واضح رہے کہ گزشتہ 3 ماہ سے ایل او سی اور ورکنگ باونڈری پر دونوں ممالک کی سرحدی فورسز کے درمیان جاری کشیدگی کے دوران سیز فائر کی خلاف ورزی سے دونوں جانب کے سیکٹروں شہری ہلاک ہوچکے ہیں۔دونوں ممالک کی سرحدی فورسز نے ایک دوسرے کو سیز فائر کی ان خلاف ورزی کا ذمہ دار ٹھہرایا ہے