افریقہ (نیوز ڈیسک)افریقہ کے اہم عرب ملک الجزائر کے صدر عبدالعزیز نے اپنے 20 سالہ دور اقتدار میں پہلی بار ریاست کے اہم ترین انٹیلی جنس ادارے کے چیف جنرل توفیق کو ان کے عہدے سے ہٹا دیا ہے۔ الجزائر کی سیاست میں یہ اقدام 2015ء کا اہم ترین فیصلہ تو ہے ہی مگر یہ 1999ءکے بعد کا بھی نمایاں واقعہ شمار ہوتا ہے کیونکہ پچھلے دو عشروں سے ملک میں کوئی ایسی نمایاں تبدیلی نہیں آئی۔ سبکدوش کیے گئے جنرل توفیق کو الجزائر میں ”صدر ساز“ بھی کہا جاتا ہے۔ انہوں نے سربراہان مملکت کی تقرری میں ہمیشہ اہم کردار ادا کیا لیکن اب کی بار ایوان صدر نے اپنی طاقت دکھاتے ہوئے انہیں عہدے سے ہٹا دیا اور آزادی کے بعد ایوان صدر کو حاصل اختیارات واپس دلا دیے ہیں۔ یہ امر واضح رہے کہ الجزائرمیں تین ادارے ایوان صدر، مسلح افواج کے کمانڈر ان چیف اور انٹیلی جنس بہت طاقت ور سمجھے جاتے ہیں۔