میڈرڈ(نیوز ڈیسک) سپین کی وزارت داخلہ نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ شام سے داعش کے مسلح جنگجو پناہ گزینوں کا روپ دھار کر یورپ پہنچنے کی کوشش کر سکتے ہیں اس لئے حفاظتی انتظامات مزید سخت کر دیئے جائیں۔ اخباری کی رپورٹ کے مطابق سوموار کے روز وزیر داخلہ جارج فرنانڈس ڈیاس نے کہا ہے کہ پناہ گزینوں کی بڑی تعداد جنگ اور دہشت گردی سے بچ کر بھاگ رہی ہے لیکن ہمیں یہ فراموش نہیں کرنا چاہیے کہ داعش بھی وہاں پر موجود ہے اور دولت اسلامیہ کے جنگجو اس کے اہل ہیں کہ اپنی دھمکیوں کو عملی جامہ پہنا سکتے ہیں۔ یہ امر نظرانداز نہیں کیا جا سکتا کہ ان پناہ گزینوں میں وہ لوگ بھی شامل ہو سکتے ہیں جو پناہ گزین نہیں ہیں۔ ظاہر ہے کہ یہ لوگ انہیں علاقوں سے آ رہے ہیں جہاں پر داعش موجود ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سپین کسی پناہ کے حق سے محروم نہیں کرے گا لیکن ان لوگوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے حفاظتی انتظامات مزید سخت کرنا ہوں گے۔