ویانا(نیوزڈیسک)یورپی ملک آسٹریا میں حکام نے ملک کی مشرقی سرحدوں پر گاڑیوں کی تلاشی کے آپریشن کے دوران پانچ مشتبہ انسانی سمگلروں کو گرفتار کر لیا ۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق آسٹریا کی پولیس کے سربراہ کونارڈ کوگلرنے میڈیاسے بات چیت کرتے ہوئے بتایاکہ ان سمگلروں کی گاڑیوں سے دو سو سے زیادہ غیرقانونی تارکینِ وطن برآمد کیے گئے۔گاڑیوں کی تلاشی کا آپریشن وزارتِ داخلہ کے احکامات پر شروع ہوا۔اس آپریشن کا فیصلہ جمعرات کو ہنگری سے آسٹریا آنے والے ایک ٹرک سے 71 تارکینِ وطن کی لاشوں کی برآمدگی کے بعد کیا گیا تھا۔اس سلسلے میں پہلے ہی ہنگری کی پولیس اب تک پانچ افراد کو گرفتار کر چکی ہے جن میں سے تین بلجیم اور ایک افغانستان کا شہری ہے۔آسٹریا کی وزیرِ داخلہ جوہانا مائیکل لینٹر نے پیر کو آپریشن کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم دیکھ رہے ہیں کہ سمگلروں کے گروہ انتہائی ظالمانہ طریقے سے کام کر رہے ہیں اور ہمیں سخت اقدامات کر کے ان کا قلع قمع کرنا چاہیے