واشنگٹن (نیوز ڈیسک) ری پبلکن کے صدارتی امیدوار سکاٹ واکر نے کینیڈا کی سرحد پر دیوار تعمیر کرنے کی حمایت کی ہے۔ ویسکونسن کے گورنر نے ایک ٹی وی انٹرویو میں کہا کہ نیو ہمپشائر میں ٹاون ہال میٹنگز کے دوران کئی افراد نے اس معاملے کو اٹھایا ہے اور میرے خیال میں اس ایشو پر بات ہونی چاہیے۔ اس کے ساتھ ہی واکر نے اس ایشو پر مزید بات کرنے کے بجائے گفتگو کا رخ مشرق وسطیٰ، فوج اور قومی سلامتی سے متعلق امور کی جانب موڑ دیا۔ امریکہ کی صدارتی مہم میں میکسیکو کی سرحد کے حوالے سے بحث میں بعض اوقات کینیڈا کی سرحد کا بھی ذکر ہوتا ہے مگر یہ صدارتی مہم کا اہم موضوع نہیں ہے۔ جب میزبان نے ان سے پوچھا کہ عمومی طور پر دہشتگرد شمالی سرحد سے آتے ہیں مگر شمالی سرحد کو محفوظ بنانے پر زیادہ توجہ نہیں دی جارہی، اس کے جواب میں واکر نے کہا کہ وہ مجموعی طور پر سرحد کو محفوظ بنانے کی بات کرتے ہیں مگر فی الحال جنوبی سرحد کا زیادہ مسئلہ ہے۔ اس حوالے سے جب کینیڈین وزیر دفاع سے سوال کیا گیا تو انہوں نے جواب دیا کہ سرحد پر سختی کے کسی بھی منصوبے کی مخالفت کی جائیگی۔