اسلا م آباد(سپیشل رپورٹ)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان مئی 2013ءکے انتخابات میں اپنا مینڈیٹ چوری کئے جانے کی مسلسل شکایت کررہے ہیں تا ہم اتوار کو ان کی جماعت کے نو منتخب ناظم پشاور ارباب عاصم کا مینڈیٹ تو کوئی چوری نہ کرسکا مگر جیب کترے نے مبارکباد دینے کے دوران ان کا پرس چوری کرلیا تاہم ارباب عاصم کو امید رکھنی چاہئے کہ 81 سالہ برطانوی شہری ران روزیل کی طرح ان کا پرس بھی واپس مل جائے گا، روزیل اپنے بٹوے سے 1962ءمیں محروم ہوگئے تھے مگر معجزاتی طور پر 46? برس بعد 28 فروری 2008ءمیں بٹوہ انہیں و اپس مل گیا جس میں ان کی ذاتی، بچوں اور دوستوں کی تصاویر تھیں۔ ارباب عاصم پرس سے محروم ہونے والے پہلے سیاست داں نہیں، 1980ءکے دوران کوسٹکاریکا کے صدر لوئس البرٹو منگو کا بٹوہ کسی جیب کترے نے اڑالیا تھا۔ 2003ءمیں کولمبیا کے صدر الوررویوریب اپنا جیکٹ باڈی گارڈ کے حوا لے کرنے کے دوران پرس سے محروم ہوگئے تھے، چورنے ان کے کریڈٹ کارڈ کے ذریعہ 4225ڈالر نکلوالئے تھے صدر نے چور کو غریب ضرورت مندقرار دیکر معاف کردیا تھا۔ 2007ء میں مغربی میڈیا میں یہ افواہ پھیلی تھی کہ امریکی صدر جارج بش البانیہ کے دورے کے دوران اپنی گھڑی سے محروم ہوگئے تاہم وائٹ ہاﺅس نے اس کی تردید کردی تھی اور کہا تھا کہ صدر نے گھڑی انپے باڈی گارڈ کے حوالے کردی تھی۔ جون 2015ء میں جعلی پولیس افسران نے زمبابوے کے نائب صدر کی اہلیہ کو 82356 ڈالر کے سامان سے محروم کردیا تھا۔ برطانیہ کے وزیر ورک اینڈ پنشن جیمس پرنل دوران سفر ٹرین میں اپنے بٹوے سے محروم ہوگئے تھے تاہم وہ ایک راہ گیر کو راستہ میں مل گیا تھا جو پولیس نے وزیر کو واپس کردیا تھا۔ پہلے امریکی صدر جارج واشنگٹن کا بٹوہ 1992ءمیں میوزیم سے چوری ہوگیا تھاتاہم تین ہفتہ بعد واپس مل گیا تھا۔ ایک امریکی جیب کترے نے اس وقت بہت شہرت حاصل کی تھی جب سابق صدر جمی کارٹر کے ساتھ موجود امریکی سیکرٹ سروس کے ایجنٹوں کی جیبوں کی صفائی کردی تھی مسروقہ سامان میں صدرکارٹر کی سفری تفصیلات اور ان کے موٹر کیڈ کی چابیاں تھیں۔ فروری 2005ءمیں فرانسیسی صدر جیکوئس شراک کے دورہ سینیگال کے دوران ان کے ساتھ موجود سیکورٹی گارڈ اور رپورٹرز کوجیب کتروں نے ان کے سامان سے محروم کردیا تھا جس میں نقد رقم، موبائل فونز اور کیمرے شامل تھے علاوہ ازیں بالی وڈ کے کئی اداکار اور اداکارائیں چوری و ڈکیتی کا شکار ہوچکے ہیں۔