برسلز/ویانا(نیوزڈیسک)آسٹریاکے شہر ویانا مین نامعلوم ٹرک سے ملنے والے مہاجرین کی تعداد71ہوگئی، مرنے والوں میں 59 مرد، آٹھ خواتین اور چار بچے شامل ہیں۔پولیس نے بیلجیئم میں تین افراد کو حراست میں بھی لیا ہے جن پر شبہ ہے کہ وہ یہ ٹرک چلا رہے تھے،غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق جمعہ کو آسٹریا میں حکام نے بتایاکہ انھیں ہنگری سے متصل مشرقی سرحد کے قریب ایک لاوارث ٹرک سے جو خراب حال لاشیں ملی ہیں ان کی کل تعداد 71 ہے۔انہوں نے کہاکہ یہ ٹرک ویانا جانے والی مرکزی سڑک کے کنارے پانڈارف قصبے کے قریب پایا گیا اور خیال کیا جا رہا ہے کہ یہ بدھ سے یہاں کھڑا تھا، لیکن اس کے بارے میں جمعرات کو علم ہوا۔حکام نے اس ٹرک کو مزید معائنے کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا تھا اور انھوں نے جمعے کو بتایا کہ مرنے والوں میں 59 مرد، آٹھ خواتین اور چار بچے شامل ہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ یہ افراد ٹرک کی دریافت سے ڈیڑھ سے دو دن پہلے ہلاک ہو چکے تھے اور ان کے جسم گلنا سڑنا شروع ہو گئے تھے۔پولیس نے یہ بھی کہا ہے کہ ٹرک کے ہنگری سے سرحد عبور کر کے آسٹریا میں داخلے سے قبل ہی یہ افراد ہلاک ہو چکے تھے۔اس سے قبل آسٹریا کی پولیس کا کہنا تھا کہ ٹرک میں موجود لاشیں 20 سے 50 تک ہو سکتی ہیں اور اتنی بڑی تعداد میں لاشوں کا ان حالات میں ملنا ان کے مطابق انتہائی خوفناک جرم ہے۔پولیس نے بیلجیئم میں تین افراد کو حراست میں بھی لیا ہے جن پر شبہ ہے کہ وہ یہ ٹرک چلا رہے تھے۔