واشنگٹن(نیوزڈیسک)امریکی محکمہ دفاع پینٹاگان نے سینٹرل کمانڈ کے بعض افسران کی جانب سے شام اور عراق میں دہشت گردی میں ملوث شدت پسند داعش کے خلاف کامیابیوں کے جعلی دعوﺅں کی تحقیقات شروع کردیں،میڈیارپورٹس کے مطابق امریکی سینٹرل کمان کے بعض افسران کی جانب سے صدر براک اوباما اوردیگر سیاسی رہ نماﺅں کوداعش کے خلاف جنگ میں کامیابی کے مزعومہ دعوﺅں کو مبالغہ آرائی کے ساتھ پیش کرنے کی تحقیقات کا فیصلہ کیا تھا۔ پینٹاگون نے اب اس معاملے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سینٹرل کمان کے بعض عہدیداروں کی جانب سے صدر اور دیگر حکومتی عہدیداروں کو داعش کے خلاف کارروائیوں میں خلاف واقعہ کامیابیوں کے بارے میں بھی بریفنگ دی تھی۔امریکی تجزیہ نگار کا کہنا ہے کہ حکومت کو انٹیلی جنس شعبے سے وابستہ عہدیداروں کی جانب سے غلط معلومات فراہم کرنے کا سلسلہ بہت پہلے سے جاری تھا۔ سابق صدر جارج ڈبلیو بش کو عراق کے پاس وسیع پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کے بارے میں مبالغہ آرائی پرمبنی کہانیاں بھی انٹیلی جنس اداروں کی جانب سے بنا کرپیش کی گئی تھیں۔