واشنگٹن (نیوز ڈیسک)جنوبی وشمالی کوریا کے درمیان مسلسل تین روز تک جاری رہنے والے مذاکرات کے بعد سرحدی کشیدگی کے خاتمے کے لیے معاہدہ طے پاگیا ہے ۔ معاہدے کا اعلان دونوں ملکوں کی جانب سے جاری مشترکہ اعلامیہ میں کیاگیا ۔ معاہدے کے مطابق فریقین نے سرحد پرجاری کشیدگی ختم کرنے پر اتفاق کرتے ہوئے دوطرفہ تعلقات میں بہتری کیلئے حکومتوں کی سطح پر مذاکرات جلدازجلد بحال کرنے کی تجویز منظور کرلی ہے ۔ اعلامیے کے مطابق مذاکرات سیول یا پیانگ یانگ میں منعقد ہوں گے ۔ مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ شمالی کوریا نے سرحد ی علاقے میں بچھائی جانیوالی اس بارودی سرنگ کے دھماکے پر افسوس کا اظہار کیاہے جس میں جنوبی کوریا کے دوفوجی اہلکار زخمی ہوگئے تھے ۔ جواباً جنوبی کوریا کی حکومت نے بھی سرحد پر نصب لاوڈ سپیکروں سے شمالی کوریا مخالف نشریات منگل کی دوپہر سے بند کرنے پر رضامند ی ظاہر کردی ہے معاہدے کے تحت فریقین نے جنگ کوریا کے دوران تقسیم ہوجانے والے خاندانوں کی ستمبر میں چوسیوک کے کورین تیوہار ملاقات کرانے اور دونوں ملکوں کے درمیان غیر سرکاری وفود کے تبادلے پر بھی اتفاق کیاہے ۔ شمالی وجنوبی کوریا کے درمیان حالیہ کشیدگی کا آغاز رواں ماہ اس وقت ہوا تھا جب جنوبی کوریا کے دوفوجی اہلکار بارودی سرنگ کے ایک دھماکے میں زخمی ہوگئے تھے جس کے بعد جنوبی کوریا نے سرحد پر نصب لاوڈ سپیکروں کے ذریعے شمالی کوریا کیخلاف پروپیگنڈا نشریات کا دوبارہ آغاز کردیاتھا جو گذشتہ ایک دہائی سے معطل تھی ۔ شمالی کوریا نے دھمکی دی تھی کہ اگر جنوب نے اس کیخلاف لاوڈ سپیکروں کے ذریعے جاری نفسیاتی جنگ بند نہ کی تو وہ اسے ختم کرنے کیلئے ہر ممکن فوجی اقدام کریگا۔