سعودی عرب (نیوز ڈیسک) سعودی عرب کی وزارت داخلہ نے رواں سال حج سے قبل عازمین کیلئے ایک نیا ضابطہ اخلاق جاری کیا ہے ۔ اس کے ساتھ ساتھ بغیر اجازت حج کی کوشش کرنیوالے افراد کیلئے سخت نوعیت کی سزاوں کی بھی منظوری دی گئی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق حکومت کی اجازت کے بغیر حج پر جانیوالے افراد کو جرمانہ ، گاڑی اوراملاک کی ضبطی اورملک سے بے دخلی جیسی سزائین دی جاسکتی ہیں ۔ وزارت داخلہ کی جانب سے جاری ایک بیان میں خبردار کیا گیا ہے کہ حج کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنیوالوں کو بھی سزائین دی جائیں گی ۔ حج کی نیت سے مقامات مقدسہ میں داخل ہونیوالے ہر شخص کے پاس حکومت کی طرف سے ملنے والا اجازت نامہ ضروری ہوگا ۔ کسی عام شہر ی کے تعاون یا غیر ملکی کی مدد سے حج کرنے کی اجازت نہیں ہوگی ۔ کیونکہ عام شہری اور غیر ملکی بھی حکومت کی اجازت کے بغیر کسی کو حج کرانے کے مجاز نہیں ہیں ۔ خیال رہے کہ سعودی عرب میں ہر سال حج کے موقع پر غیر قانونی طریقے سے حجاج میں شامل ہونیوالے لوگوں کو روکنا ایک بڑا مسئلہ رہا ہے پچھلے سال حج کے موقع پر 2 لاکھ 20 ہزار ایسے افراد کی نشاندہی کی گئی تھی جو حکومت کی اجازت کے بغیر حج کی کوشش کر رہے تھے تاہم انہیں حجاج سے نکال دیاگیا ۔ اس کے علاوہ پچھلے سال حج کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر 45 ہزار گاڑیاں ضبط کی گئیں ۔