لندن (نیوزڈیسک) نوبل انعام یافتہ پاکستانی طالبہ ملالہ یوسفزئی کا او لیول کے امتحان کا نتیجہ آگیا ہے جس میں انہوں نے شاندار کامیابی حاصل کی ہے۔ نتیجے کے مطابق انہوں نے 6 مضامین میں اے پلس جبکہ 4 مضامین میں اے گریڈ حاصل کیا۔ملالہ نے ریاضی کے دونوں پرچوں، بیالوجی، کیمسٹری، فزکس اور دینیات میں اے پلس جبکہ تاریخ، خغرافیہ، انگریزی زبان اور انگریزی ادب میں اے گریڈ حاصل کیا۔ان کے والد ضیاالدین یوسفزئی نے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ملالہ کے نتیجے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ’’میری اہلیہ طور پکئی اور میں ملالہ کے چھ اے پلس اور چار اے لینے پر بہت فخر محسوس کر رہے ہیں۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ہر بچے کو تعلیم ملنی چاہیئے۔ خبر آنے کے بعد ٹوئٹر پر ملالہ کے لیے مبارکباد کا سلسلہ شروع ہو گیا جن میں بے نظیر بھٹو کی چھوٹی صاحبزادی آصفہ بھٹو بھی شامل تھیں۔ انہوں نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ’’مجھے ابھی معلوم ہوا ہے کہ میری پیاری بہن ملالہ کا اولیول کا نتیجہ آ گیا ہے اور اس نے چھ اے پلس اور چار اے حاصل کیے ہیں۔‘‘ ساتھ انہوں نے انگریزی میں، ’’مجھے بہت فخر ہے‘‘ ’’تعلیم‘‘ اور ’’فخر پاکستان‘‘ کے ہیش ٹیگ استعمال کیے