تہران(نیوزڈیسک)ایرانی وزارت خارجہ نے کہاہے کہ آیندہ ہفتے تہران میں برطانیہ کے سفارت خانے کو وزیرخارجہ فلپ ہیمنڈ کے دورے کے موقع پر دوبارہ کھول دیا جائے گا۔فلپ ہمینڈ کل(اتوار کو) تہران پہنچیں گے ان کے اس دورے کا مقصد برطانوی سفارت خانے میں سفارتی و دفتری سرگرمیوں کی بحالی ہے۔برطانیہ نے ایران اور چھے بڑی طاقتوں کے درمیان جولائی میں ویانا میں جوہری تنازعے پر سمجھوتا طے پانے کے بعد تہران میں اپنا سفارت خانہ دوبارہ کھولنے کا اعلان کیا تھا۔برطانیہ نے گذشتہ سال بھی تہران میں اپنے سفارت خانے کو دوبارہ کھولنے کا اعلان کیا تھا لیکن ایران کے ساتھ بعض امور اختلافات کی وجہ سے اس پر عمل درآمد نہیں کیا جاسکا تھا۔واضح رہے کہ نومبر 2011 میں سیکڑوں ایرانی مظاہرین نے تہران میں برطانوی سفارت خانے کی عمارت پر دھاوا بول دیا تھا اور وہاں توڑ پھوڑ کی تھی۔اس واقعے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات منقطع ہوگئے تھے۔
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں